گورنر کے حکم پر الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں روک دیں
- گورنر آرڈر کے تحت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئینی آرٹیکل 140-A معطل، الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں صوبائی حکومت کے گورنر آرڈر نمبر 3 کے بعد روک دی ہیں، جو 4 نومبر 2026 کو جاری کیا گیا تھا،
جاری پریس ریلیز کے مطابق اس معاملے پر الیکشن کمیشن کے اجلاس میں غور کیا گیا، جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی،
کمیشن نے گورنر کے حکم کے شق نمبر 2 کا جائزہ لیا، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A کو معطل کیا گیا ہے۔ اس حکم کا اطلاق ان مخصوص اضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر تمام اضلاع پر ہوتا ہے جن کی نشاندہی نوٹیفکیشن میں کی گئی ہے،
اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن نے مشاہدہ کیا کہ آئین کا آرٹیکل 140-A صوبوں میں بلدیاتی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے، جبکہ آرٹیکل 140-A کی ذیلی شق 2 کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے،
کمیشن نے قرار دیا کہ خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں آرٹیکل 140-A کی معطلی کے باعث وہاں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہے گا،
گورنر کے حکم کا تفصیلی جائزہ لینے اور اس کے اثرات پر غور و خوض کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ صوبے کے باقی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جاسکتے،
نتیجتاً، الیکشن کمیشن نے ان اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اب تک کیے گئے تمام انتظامی اور انتخابی اقدامات روک دیے ہیں،


Comments