انٹربینک مارکیٹ: ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پیش قدمی جاری
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.70 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.70 روپے پر بند ہوئی۔
یاد رہے کہ منگل کو مقامی کرنسی 276.71 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی سطح پر بدھ کو امریکی ڈالر کی قدر بیشتر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کم ہوئی کیونکہ سرمایہ کار امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے منتظر تھے اور انہیں انتخابات میں ڈیموکریٹس کی نمایاں کامیابی کا امکان تھا۔
امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے جن میں جارجیا سے ڈیموکریٹ سینیٹر جون اوسوف نے پہلے بڑے انتخابی مقابلے میں دوبارہ کامیابی حاصل کرلی۔
تاہم اس سوال کا حتمی جواب ملنے میں ابھی کئی گھنٹے لگنے کا امکان تھا کہ آیا ڈیموکریٹس ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن جماعت سے کانگریس کا کنٹرول واپس لینے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔
ابتدائی کاروبار کے دوران یورو کی قدر 0.2 فیصد اضافے سے 1.1212 ڈالر ہوگئی جبکہ جاپانی ین بھی مضبوط ہو کر فی ڈالر 158.30 ین پر آگیا۔ چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر جانچنے والا ڈالر انڈیکس 0.2 فیصد کمی کے بعد 101.7 پر آگیا۔
امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈز پر منافع کی شرح میں 4 بیسس پوائنٹس کی کمی ہوئی اور یہ 4.919 فیصد پر آگئی۔


Comments