ہیلیون پاکستان نے جامشورو میں پیناڈول کی مقامی سطح پر تیاری کا آغاز کردیا
- یہ پیش رفت اکتوبر 2023 میں اعلان کردہ تقریباً ایک کروڑ ڈالر (تقریباً 2.8 ارب روپے) کی سرمایہ کاری کے بعد سامنے آئی ہے۔
ہیلیون پاکستان لمیٹڈ، جس کا سابقہ نام گلیکسو اسمتھ کلائن کنزیومر ہیلتھ کیئر پاکستان لمیٹڈ تھا، نے جامشورو میں واقع اپنے کارخانے میں پیناڈول 500 ملی گرام گولیوں کی تیاری شروع کر دی ہے، جو درد سے نجات دلانے والی اس مقبول دوا کی اندرونِ ملک تیاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
کمپنی جو بنیادی طور پر صارفین کی صحت سے متعلق مصنوعات اور بغیر نسخے کے فروخت ہونے والی ادویات (او ٹی سی) کی تیاری، مارکیٹنگ اور فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے، نے جمعے کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
یہ پیش رفت اکتوبر 2023 میں اعلان کردہ تقریباً ایک کروڑ ڈالر (تقریباً 2.8 ارب روپے) کی سرمایہ کاری کے بعد سامنے آئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان میں جدید ترین پیداواری ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور کمپنی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے کی گئی تھی۔
اس تبدیلی کے تحت مقامی طور پر تیار کی جانے والی پیناڈول 500 ملی گرام گولیوں کا ڈیزائن نیا ہو گا، جس میں گولی پر پہلے سے موجود پیناڈول کے الفاظ کی جگہ ایک مخصوص نشان (بیکن) کندہ کیا جائے گا۔
ہیلیون نے کہا کہ یہ تبدیلی صرف گولی کی ظاہری شکل تک محدود ہے، جبکہ مصنوعات کا معیار اور افادیت پہلے کی طرح برقرار رہے گی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ کمپنی کی جامشورو فیکٹری میں پیناڈول 500 ملی گرام گولیوں کی تیاری کا آغاز ہیلیون پاکستان لمیٹڈ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ کمپنی کی اپنی پیداواری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں صارفین کے لیے اپنی مصنوعات کی قابلِ اعتماد دستیابی یقینی بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
ہیلیون پاکستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے اور مصنوعات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کی ہے۔
جنوری 2026 میں کمپنی نے اپنی پیناڈول لیکوئڈ پیکجنگ لائن کو وسعت دینے اور جدید بنانے کے لیے 35 لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 49 لاکھ ڈالر) کی سرمایہ کاری کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے میں چلڈرن پیناڈول ڈراپس، چلڈرن پیناڈول لیکوئڈ اور پیناڈول فورٹے سسپنشن کی پیکجنگ لائن شامل ہے۔
کمپنی ملک بھر میں 450 افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے اور جامشورو میں ایک پیداواری مرکز چلاتی ہے، جبکہ ملتان، لاہور اور اسلام آباد میں اس کے علاقائی سیلز دفاتر بھی قائم ہیں۔


Comments