اے آئی میں سرمایہ کاری، تیسری سہ ماہی میں نوکیا کا منافع دگنا ہوگیا
- سہ ماہی کے دوران نوکیا کا منافع بڑھ کر 156 ملین یورو ہوگیا
فن لینڈ کی ٹیلی کام آلات بنانے والی کمپنی نوکیا نے جمعرات کو بتایا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں سرمایہ کاری کے باعث رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں اس کا منافع تقریباً دوگنا ہوگیا۔
سہ ماہی کے دوران نوکیا کا منافع بڑھ کر 156 ملین یورو (175 ملین ڈالر) ہوگیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 8 کروڑ یورو تھا، جبکہ فروخت 10 فیصد اضافے سے 5.2 ارب یورو تک پہنچ گئی، جو تجزیہ کاروں کی توقعات سے زیادہ ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اے آئی اور کلاؤڈ نیٹ ورکنگ کے شعبوں میں خدمات فراہم کرنے والے صارفین کو اس کی فروخت گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 123 فیصد بڑھ گئی۔
نوکیا کے چیف ایگزیکٹو جسٹن ہوٹارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اے آئی کے ایسے بنیادی ڈھانچے کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے کمپنی کی صلاحیتیں منفرد طور پر موزوں ہیں، جو زیادہ وسیع، مختلف مقامات پر پھیلا ہوا اور انتہائی مربوط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی ان شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جہاں وہ اپنی منفرد صلاحیتوں کا مظاہرہ اور بڑے پیمانے پر کلاؤڈ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر نئی ٹیکنالوجی تیار کرسکتی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے فن لینڈ میں ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کے لیے گوگل کی 13 ارب یورو کی سرمایہ کاری کا حوالہ دیا۔
نوکیا کا آپریٹنگ منافع 35 فیصد اضافے سے 60 کروڑ 50 لاکھ یورو ہوگیا جو گزشتہ سال اسی مدت میں 44 کروڑ 80 لاکھ یورو تھا۔ یہ منافع تجزیہ کاروں کی 46 کروڑ 20 لاکھ یورو کی پیش گوئی سے بھی زیادہ رہا۔


Comments