پنجاب حکومت نے خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس جاسوسی ڈیوائسز پر پابندی عائد کردی
- صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے
پنجاب حکومت نے شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ کے لیے پیر کے روز خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس جاسوسی ڈیوائسز، جن میں چشمے، قلم، گھڑیاں اور دیگر برقی آلات شامل ہیں، پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اس پابندی کا خصوصی مقصد خواتین اور بچوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔‘‘
ترجمان نے بتایا کہ جاسوسی کے آلات کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ سے متعلق شکایات سامنے آئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق، ذاتی معلومات اور نجی زندگی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ بیان میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ ’’خفیہ کیمروں سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیا کا غیر قانونی استعمال سخت سزاؤں کا باعث بنے گا۔‘‘


Comments