لکی انویسٹمنٹس نے کیپیٹل پروٹیکشن فنڈ پلان ون متعارف کرادیا
- اس فنڈ کے تحت سرمایہ کاری کو شریعت کے مطابق لسٹڈ ایکویٹی سیکیورٹیز اور منی مارکیٹ یا فکسڈ انکم انسٹرومنٹس کے درمیان حالات کے مطابق تقسیم کیا جائے گا
لکی انویسٹمنٹس لمیٹڈ نے شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کا نیا پلان لکی اسلامک کیپیٹل پروٹیکٹڈ فنڈ پلان ون (LICPFP I) متعارف کرادیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایسٹس میں سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی کو حالات کے مطابق تبدیل کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو مسابقتی منافع کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ اصل سرمائے کے تحفظ کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
اس فنڈ کے تحت سرمایہ کاری کو شریعت کے مطابق لسٹڈ ایکویٹی سیکیورٹیز اور منی مارکیٹ یا فکسڈ انکم انسٹرومنٹس کے درمیان حالات کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد سرمایہ کاروں کو ایکویٹی مارکیٹ کی ممکنہ ترقی سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرنا ہے جبکہ سرمایہ کاری کی مقررہ مدت کے دوران اصل سرمائے کے تحفظ کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے گا۔
دو سالہ مدت اور درمیانے درجے کے رسک پروفائل کا حامل یہ پلان ایسے سرمایہ کاروں کے لیے تیار کیا گیا ہے جو شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کے ذریعے ممکنہ منافع حاصل کرنے کے ساتھ اپنے اصل سرمائے کے تحفظ کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ اس پلان میں ابتدائی سرمایہ کاری کی کم از کم رقم 5,000 روپے جبکہ بعد کی سرمایہ کاری کے لیے کم از کم رقم 1,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
لکی انویسٹمنٹس کے مطابق فنڈ کا آغاز 8 اکتوبر 2026 کو ہوا جبکہ اس کی سبسکرپشن مدت 9 اکتوبر سے 30 اکتوبر 2026 تک مقرر کی گئی ہے۔
لکی انویسٹمنٹس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد شعیب سی ایف اے نے فنڈ کے اجرا پر کہا کہ لکی اسلامک کیپیٹل پروٹیکٹڈ فنڈ پلان ون شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کی سہولتوں کے بڑھتے ہوئے سلسلے میں ایک نیا اضافہ ہے۔ ان کے مطابق بہت سے سرمایہ کار اپنے سرمائے کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی اور منافع کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور یہ منصوبہ سرمایہ کاری کی منظم اور متحرک حکمتِ عملی کے ذریعے اسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی شریعت کی پابندی، پیشہ ورانہ سرمایہ کاری کے انتظام اور سرمایہ کاروں کو زیادہ انتخاب فراہم کرنے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
محمد شعیب نے مزید کہا کہ لکی انویسٹمنٹس اپنی مصنوعات کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے مختلف مالیاتی مقاصد، رسک پروفائلز اور سرمایہ کاری کی مدت کے مطابق سہولتیں متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے اور اس کے ساتھ ساتھ گورننس کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔
اس نئے فنڈ کے اجرا سے لکی انویسٹمنٹس کے شریعت کے مطابق میوچل فنڈز اور پنشن مصنوعات کے پورٹ فولیو کو مزید وسعت ملے گی۔ کمپنی سرمایہ کاروں کو منی مارکیٹ، انکم، ایکویٹی، ڈیویڈنڈ ییلڈ، توانائی، پنشن اور کیپیٹل پروٹیکٹڈ کیٹیگریز میں سرمایہ کاری کی مختلف حکمتِ عملیوں تک رسائی فراہم کرتی ہے۔


Comments