ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.01 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی پیش قدمی جاری رہی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.01 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 277.02 روپے پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر جمعرات کو ایشیائی سیشن کے آغاز پر امریکی ڈالر محدود کاروبار کے دوران ڈیڑھ سال کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔
فیڈرل اوپن مارکیٹ کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی سے ظاہر ہوا کہ امریکی مرکزی بینک کے حکام مہنگائی کو معاشی منظرنامے کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔ چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر انڈیکس 102.23 پر مستحکم رہا، جبکہ بدھ کو اس میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
امریکی مرکزی بینک کے پالیسی سازوں نے ستمبر کے اجلاس میں شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس اضافے کی منظوری دی، تاہم اس فیصلے کی وجوہات پر حکام میں اختلافات سامنے آئے۔
سی ایم ای گروپ کے مطابق اکتوبر کے اجلاس میں مزید 25 بیسس پوائنٹس اضافے کا امکان 19 فیصد ہے۔ جاپانی ین کے مقابلے میں ڈالر 0.2 فیصد کم ہو کر 157.815 ین پر آگیا۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں رسد کے خدشات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ برینٹ خام تیل 2.28 ڈالر اضافے سے 102.28 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 89.94 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔


Comments