انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 8 اکتوبر سے لاہور میں منعقد ہوگی
- تین روزہ ایونٹ میں ایک لاکھ سے زائد مقامی و غیر ملکی زائرین اور کاروباری شعبے سے وابستہ افراد کی شرکت متوقع ہے
پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (پی پی اے) 8 سے 10 اکتوبر تک ایکسپو سینٹر لاہور میں 26ویں انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کی میزبانی کرے گی۔ تین روزہ ایونٹ میں ایک لاکھ سے زائد مقامی و غیر ملکی زائرین اور کاروباری شعبے سے وابستہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
منتظمین کے مطابق خطے میں پولٹری کی سب سے بڑی نمائش قرار دی جانے والی اس ایکسپو میں پولٹری کی مکمل ویلیو چین سے وابستہ کمپنیاں شرکت کریں گی جن میں فیڈ اور غذائیت، جانوروں کی صحت، ادویات اور ویکسینز، جینیٹکس، فارم مشینری، پروسیسنگ، آٹومیشن اور مارکیٹنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں شامل ہیں۔
آئی پیکس 2026 کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر رانا سجاد ارشد اور چیئرمین آئی پیکس 2026 ملک محمد شریف نے میڈیا کو تقریب اور اس کے مقاصد کے بارے میں بریفنگ دی۔
رواں سال کی ایکسپو میں 50 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے مخصوص اسٹالز قائم کیے ہیں جبکہ 500 سے زائد بین الاقوامی مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔
بین الاقوامی کمپنیوں اور مندوبین کی شرکت سے پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈی کے رجحانات، جدید ٹیکنالوجیز اور نئی مصنوعات سے آگاہی حاصل ہوگی جبکہ براہِ راست کاروباری ملاقاتوں اور ممکنہ شراکت داریوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
نمائش میں پولٹری جینیٹکس اور چوزوں کی پیداوار، جانوروں کی صحت سے متعلق مصنوعات، ادویات اور ویکسینز، فیڈ اور غذائیت کے حل، پروسیسنگ آلات، خودکار اور ماحول کو کنٹرول کرنے والے فارم مینجمنٹ سسٹمز، جبکہ حلال پولٹری کی برآمدات سے متعلق ٹیکنالوجیز بھی پیش کی جائیں گی۔
ایکسپو کے ساتھ خصوصی پولٹری سائنس کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر کی بڑی جامعات کے طلبہ شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں پولٹری شعبے کو درپیش بیماریوں پر قابو پانے اور پیداواری لاگت میں اضافے سمیت حالیہ تحقیق اور ابھرتے ہوئے مسائل پر سائنسی مقالے پیش کیے جائیں گے جبکہ صنعت کے لیے عملی حل بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
دوسرے روز بین الصوبائی غذائیت سے بھرپور غذا کے مقابلے کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں چاروں صوبوں کی جامعات کے طلبہ حصہ لیں گے۔
مقابلے کا مقصد پولٹری مصنوعات کی غذائی اہمیت اجاگر کرنا، متوازن غذا سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں صحت بخش غذائی عادات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
سیاسی، سماجی اور کاروباری رہنماؤں کی بھی ایکسپو میں شرکت متوقع ہے، جس سے پولٹری کی صنعت کو قومی سطح پر اپنے مسائل اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔


Comments