پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور پنجاب ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے اکتوبر میں ہونے والی پریمیم گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبروں کی نیلامی کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔ شہری 31 اکتوبر تک ای آکشن پورٹل کے ذریعے اپنی پسند کے موٹر سائیکل، کار اور کمرشل گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز کے لیے بولی دے سکتے ہیں۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے مطابق جمعرات کو، ای آکشن پلیٹ فارم موٹر سائیکلوں، موٹر کاروں اور کمرشل گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبروں کی نیلامی کی سہولت فراہم کرتا ہے جبکہ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی ایپلی کیشن کے ذریعے دستیاب کرائی جاتی ہیں جس سے پورے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جاتی ہے۔
اس حوالے سے پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ ای آکشن پلیٹ فارم جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے شہریوں کو اپنی پسند کے گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبروں کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے ایک آسان، محفوظ اور شفاف طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیلامی کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے سے یہ پلیٹ فارم کارکردگی میں بہتری، خدمات کی تیز تر فراہمی اور شفافیت کو فروغ دیتا ہے جبکہ شہریوں کے لیے سہولت اور بہتر طرزِ حکمرانی کو بھی تقویت ملتی ہے۔ یہ پنجاب حکومت کے ڈیجیٹل عوامی خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایسے اختراعی حل فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جو شہریوں کے مجموعی تجربے کو بہتر بنائیں۔


Comments