پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی چیمبر انتخابات میں بی ایم جی کی حمایت کردی
- پٹرولیم ڈیلرز اور وسیع تر کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز باہم جڑے ہیں، ملک خدا بخش
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے کراچی چیمبر کے آئندہ انتخابات میں بزنس مین گروپ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی قیادت کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے۔
پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدا بخش، وائس چیئرمین طارق حسن، انور کمال، ملک شیر خان اور ایسوسی ایشن کے دیگر رہنماؤں نے یو بی جی کی قیادت کے فیصلے کی حمایت کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس کے اراکین کراچی چیمبر کے انتخابات میں یو بی جی کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر، صدر زبیر طفیل، سندھ ریجن کے صدر خالد تواب اور یو بی جی کے دیگر رہنماؤں کی ہدایات کے مطابق بی ایم جی کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ پی پی ڈی اے نے پٹرولیم ڈیلرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مسلسل کام کیا جبکہ بی ایم جی کے چیئرمین زبیر موتی والا اور ان کی ٹیم نے کراچی کی کاروباری برادری سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کراچی چیمبر، پی پی ڈی اے کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے پٹرولیم ڈیلرز کو درپیش مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔
خدا بخش نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز اور وسیع تر کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز باہم جڑے ہوئے ہیں، جنہیں حکومت اور ضابطہ جاتی اداروں کے ساتھ باہمی اتفاقِ رائے اور رابطہ کاری کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔
پی پی ڈی اے کے چیئرمین نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کاروباری تنظیموں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔


Comments