بزنس مین الائنس کی کے سی سی آئی کے حکمران گروپ پر تنقید
- کراچی کی صنعتیں اپنا کاروبار سمیٹ کر پنجاب منتقل ہورہی ہیں، عاصف سخی
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے انتخابات میں حصہ لینے والے اپوزیشن گروپ بزنس مین الائنس (بی ایم اے) کے چیئرمین عاصف سخی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران گروپ کراچی کی کاروباری برادری کو درکار ضروری تعاون فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے نتیجے میں کاروبار اور صنعتیں کراچی سے پنجاب منتقل ہورہی ہیں۔
کراچی پریس کلب (کے پی سی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین الائنس کے گروپ امیدواروں ارشد خورشید، اسماعیل لائق پوریا اور دیگر کے ہمراہ عاصف سخی نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی صنعتیں اپنا کاروبار سمیٹ کر پنجاب منتقل ہورہی ہیں جبکہ بزنس مین گروپ (بی ایم جی) گزشتہ 26 برس سے چیمبر پر حکمرانی کر رہا ہے اور اس کا ردعمل محض بیانات تک محدود ہے۔
انہوں نے گل پلازہ کے متاثرین میں تقسیم کیے گئے فنڈز کا فرانزک آڈٹ کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ تاجروں میں 5 ارب 70 ہزار روپے تقسیم کیے گئے تاہم حقیقی طور پر متاثرہ دکانداروں کو آج تک ایک روپیہ بھی نہیں ملا اور وہ بے یار و مددگار ہیں۔
عاصف سخی نے کہا کہ کراچی چیمبر کی عمارت میں داخل ہوتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے 1947 میں واپس آگئے ہوں۔ کراچی چیمبر میں ہر سال لسانی بنیادوں پر ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں اور گزشتہ انتخابات بھی قواعد و ضوابط کے خلاف منعقد کیے گئے تھے۔


Comments