عالمی سطح پر برانڈ ڈیولپمنٹ کیلئے اپٹما اور چین اسٹورز ایسوسی ایشن کا تعاون پر اتفاق
- دونوں ایسوسی ایشنز نے برانڈ ڈیولپمنٹ کو ملکی برآمدات میں اضافے اور تنوع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور چین اسٹورز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے پاکستانی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے برانڈز کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے اور فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ایسوسی ایشنز نے برانڈ ڈیولپمنٹ کو ملکی برآمدات میں اضافے اور تنوع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
یہ اتفاقِ رائے جمعہ کوچین اسٹورز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک اعلیٰ سطح وفد کے اپٹما کے دورے کے دوران طے پایا۔ وفد کی قیادت رائل ٹیگ کے طارق محبوب جوچین اسٹورز ایسوسی ایشنکے سرپرست ہیں نے کی۔ وفد کا استقبال اپٹما کے چیئرمین اسد شفیع نے ایسوسی ایشن کے دیگر سینئر عہدیداران، بشمول وائس چیئرمینز اور سیکریٹری جنرل کے ہمراہ کیا۔
اجلاس کے دوران دونوں جانب سے صنعت اور مجموعی تجارت کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور برآمدات میں اضافے کے لیے مینوفیکچرنگ سے آگے بڑھتے ہوئے مصنوعات کی تیاری، برانڈنگ، مارکیٹنگ اور ریٹیلنگ کے شعبوں میں مزید پیش رفت کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے زیادہ برآمدات کے حصول کے لیے ویلیو ایڈڈ ویلیو چین کے تمام شعبوں کو شامل کرتے ہوئے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
طارق محبوب نے کہا کہ بین الاقوامی تجربے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک عام ملبوساتی مصنوعات کی حتمی ریٹیل قیمت میں مینوفیکچرنگ کا حصہ 30 فیصد سے بھی کم ہوتا ہے جبکہ مصنوعات کی تیاری، ڈیزائن، مارکیٹنگ، برانڈنگ اور انتظامی امور اس قیمت کا 60 سے 75 فیصد حصہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مسابقت کی حامل پاکستانی برانڈز تیار کرنے سے نہ صرف اضافی برآمدات حاصل کی جاسکتی ہیں بلکہ پاکستان کو بیرون ملک فروخت ہونے والی ہر مصنوعات سے پیدا ہونے والی قدر کا کہیں زیادہ حصہ ملک میں برقرار رکھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔


Comments