رائباکینا کی شاندار کارکردگی، یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں
- انہوں نے پہلے سیٹ میں 3-0 کی برتری حاصل کی اور صرف نصف گھنٹے میں سیٹ جیت لیا
عالمی نمبر دو ایلینا رائباکینا نے اسپین کی جیسیکا بوزاس مانئیرو کو 2-6، 4-6 سے شکست دے کر یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
قازقستان کی رائباکینا نیویارک میں ٹائٹل جیت کر ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بننے کی خواہشمند ہیں۔ انہوں نے لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں رات کے آخری سیشن میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تیسرے گرینڈ سلیم ٹائٹل کے حصول کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔
رائباکینا نے پہلے سیٹ میں 3-0 کی برتری حاصل کی اور صرف 30 منٹ میں سیٹ اپنے نام کرلیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی انہوں نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور پہلے چار گیمز میں سے تین جیت کر میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔
میچ کے لیے سروس کرتے ہوئے رائباکینا نے پہلی بار اپنی سروس گنوائی، تاہم اگلے ہی گیم میں دوبارہ بریک حاصل کرکے کامیابی یقینی بنالی۔ تیسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ یوکرین کی یولیا اسٹاروڈوبتسیوا سے ہوگا۔ رائباکینا نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سنسناٹی اوپن سے ریٹائرمنٹ کے بعد تیاری مثالی نہیں تھی، تاہم وہ بحالی اور جم ٹریننگ پر توجہ دیتی رہیں اور یو ایس اوپن میں شرکت پر بہت خوش ہیں۔


Comments