پاکستان اور کرغزستان کا دو سال میں باہمی تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق
- دونوں ممالک نے ٹرانزٹ تجارت سے متعلق معاہدوں کو حتمی شکل دے دی
پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارت کا حجم دو سال کے اندر 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سالانہ دوطرفہ تجارت، جو صرف 1 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہے، انتہائی کم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس او سی) کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے تین روزہ دورے پر پہنچے ہیں۔
انہوں نے کرغز جمہوریہ کے صدر صادیر نورغوجوویچ ژاپاروف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دوطرفہ تجارت کا حجم دو سال میں 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو باقاعدہ معاہدے میں تبدیل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
اس سے قبل پاکستان اور کرغزستان نے بدھ کو تجارت، سیکیورٹی، تعلیم، ماحولیات اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر صادیر ژاپاروف نے تقریب کا مشاہدہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے نمائندوں نے پہلے سے دستخط شدہ دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
دونوں ممالک نے 2026-2027 کے لیے اپنی وزارتِ خارجہ کے درمیان سفارتی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے جبکہ اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اور جمہوریہ کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹو کے درمیان تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) بھی طے پائی۔
دونوں ممالک نے حوالگی کے معاہدے (ایکسٹراڈیشن ٹریٹی) پر دستخط کے علاوہ دوطرفہ تجارتی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدوں کو حتمی شکل دی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا۔
دونوں ممالک کی حکومتوں نےفوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدے کا مسودہ تیار کرلیا۔
پاکستان اور کرغزستان کی وزارتِ داخلہ کے درمیان منشیات، نفسیاتی اثرات رکھنے والے مادوں، ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز اور متعلقہ غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
کرغزستان کی وزارتِ صحت اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے جبکہ دونوں ممالک کی وزارتِ تعلیم کے درمیان بھی تعلیمی شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک اور مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
مزید برآں کرغزستان کی وزارتِ قدرتی وسائل، ماحولیات و تکنیکی نگرانی اور پاکستان کی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور جمہوریہ کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹو کے درمیان علمی تحقیق اور باہمی تعاون پر مبنی سرگرمیوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ کرغزستان کے صدر کے تحت نیشنل ایجنسی فار ورچوئل اثاثہ جات و بلاک چین ٹیکنالوجیز اور پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
پاکستان اور کرغزستان نے لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔
کرغزستان پوسٹ اور پاکستان پوسٹ کے درمیان ڈاک کی خدمات اور ای کامرس کے شعبے میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے لیے دوطرفہ معاہدہ طے پا گیا جبکہ کرغزستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے درمیان بھی دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

Comments