انٹربینک مارکیٹ: ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
- انٹربینک میں ڈالر ایک پیسے کی بہتری سے 277.46 روپے پر بند ہوا
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.46 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 277.47 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دریں اثنا منگل کو ین کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 160 کی سطح کے قریب مستحکم رہی۔
امریکی ڈالر کی قدر منگل کو دباؤ میں رہی اور گزشتہ جمعہ کے اضافے سے پیچھے ہٹ گئی، کیونکہ سرمایہ کاروں نے گزشتہ ہفتے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کے سخت پالیسی سے متعلق بیانات کے بعد ستمبر میں شرحِ سود میں اضافے کے بڑھتے امکانات کا جائزہ لیا۔
یورو 1.1623 ڈالر پر مستحکم رہا جبکہ اگست میں اس کی قدر میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا تھا۔ پاؤنڈ کی قدر گزشتہ ماہ 0.5 فیصد اضافے کے بعد 1.35575 ڈالر رہی۔
ڈالر انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ 99.37 پر آگیا۔
مزید برآں منگل کو تیل کی قیمتوں میں تقریباً ایک ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا۔


Comments