بڑھتی پیداواری لاگت اور مہنگی توانائی نے صنعتوں کی بقا خطرے میں ڈال دی صنعتکار برادری
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبدالرحمان فدا نے حکومت پر زور دیا ہے کہ معیشت کے استحکام اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرنے والی ملکی صنعتوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں کیونکہ صنعتوں کی مضبوطی ہی برآمدات، روزگار، سرمایہ کاری اور قومی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صنعت کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ نہ کیا گیا تو معاشی بحالی کی رفتار متاثر ہونے کے ساتھ سرمایہ کاری کا عمل بھی سست پڑ سکتا ہے۔
عبدالرحمان فدا نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے نرخ، بلند پیداواری لاگت، مالیاتی اخراجات اور پالیسیوں میں عدم تسلسل صنعتی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ صنعتکار مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت کا پہیہ رواں رکھنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں تاہم موجودہ حالات میں صنعتوں کو مزید نظرانداز کرنا قومی مفاد کے خلاف ہوگا۔
انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ صنعتوں کے لیے مسابقتی نرخوں پر توانائی کی فراہمی، ٹیکس نظام میں سادگی، ریفنڈز کی بروقت ادائیگی، کاروبار میں آسانیوں اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو یقینی بنایاجائے تاکہ مقامی صنعتیں عالمی مارکیٹوں میں مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ پاکستان کے صنعتی شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے مگر اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اسی وقت اٹھایا جا سکتا ہے جب حکومتی پالیسیوں میں تسلسل، نجی شعبے سے مؤثر مشاورت اور صنعت دوست فیصلوں کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعتکار قومی معیشت کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے تاہم حکومت کو بھی عملی اقدامات کے ذریعے صنعتکاروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔


Comments