ایپک اینجلز کی پاکستانی فن ٹیک کمپنی اوران میں سرمایہ کاری
- ایپک اینجلز نے اوران میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا حجم ظاہر نہیں کیا۔
دنیا کے سب سے بڑے خواتین پر مشتمل سرمایہ کار گروپ ایپک اینجلز نے پاکستانی فِن ٹیک کمپنی اوران (Oraan) میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جو خواتین کی روایتی بچت کمیٹیوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں تبدیل کر کے بچت، قرض اور اب سونے میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
ایک پریس بیان کے مطابق ایپک اینجلز نے اوران میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا حجم ظاہر نہیں کیا۔ تاہم، سرمایہ کار ادارے نے بتایا کہ اس سرمایہ کاری کے مرحلے میں پہلے سے سرمایہ کاری کرنے والے ویو میکر اور آئی ٹو آئی وینچرز نے بھی دوبارہ سرمایہ کاری کی ہے۔
بیان کے مطابق حاصل ہونے والی نئی سرمایہ کاری اوران کی گولڈ سیونگز پروڈکٹ کو وسعت دینے، سونے کا ذخیرہ بڑھانے اور کمپنی کو نئی منڈیوں تک توسیع دینے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
اوران کی بنیاد 2018 میں سابق انویسٹمنٹ بینکر حلیمہ اقبال نے رکھی تھی۔ کمپنی پاکستان میں قرض، انشورنس اور بچت سے متعلق مالیاتی مصنوعات اور خدمات فراہم کرتی ہے۔
پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں صرف 2 فیصد خواتین کو باضابطہ قرض کی سہولت میسر ہے، جبکہ اندازاً 6 کروڑ پاکستانی خواتین روایتی بچت کمیٹیوں کے ذریعے ہر سال اربوں ڈالر کی بچت اور قرض کا لین دین کرتی ہیں، جو مکمل طور پر رسمی مالیاتی نظام سے باہر ہوتا ہے۔
اوران نے اسی نظام کو ڈیجیٹل شکل دی ہے، جہاں خواتین ہر ماہ ایک مخصوص رقم جمع کرتی ہیں اور باری باری پوری رقم حاصل کرتی ہیں، جس سے انہیں بینک اکاؤنٹ یا کریڈٹ ہسٹری کے بغیر بڑی رقم تک رسائی حاصل ہو جاتی ہے۔
کمپنی نے نومبر 2025 میں گولڈ سیونگز پروڈکٹ متعارف کرائی، جس کے ذریعے صارفین مقررہ ماہانہ اقساط پر جزوی مقدار میں سونا خرید سکتے ہیں۔ یہ سروس اپنے پہلے سات ماہ میں تقریباً 75 گنا ترقی کر چکی ہے۔
اوران اپنی ٹیکنالوجی کو پاکستان سے باہر بھی لے جا رہی ہے اور خطے کے ایک بینک کے ساتھ اپنے بچت اور قرض کے پلیٹ فارم کا لائسنس دینے کا معاہدہ کر چکی ہے، جس سے نئی مارکیٹ میں لاکھوں صارفین تک اس ماڈل کی رسائی ممکن ہوگی۔
اوران کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر حلیمہ اقبال نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کو نئے مالیاتی مصنوعات کا انتظار نہیں تھا، بلکہ وہ اس بات کی منتظر تھیں کہ مالیاتی نظام ان کے پہلے سے موجود طریقۂ بچت کے مطابق خود کو ڈھالے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روایتی کمیٹیوں نے ہمیں خواتین کا اعتماد دیا، سونے نے انہیں ملکیت کا احساس دیا، اور اب ہماری ٹیکنالوجی پاکستان سے باہر نئی منڈیوں تک پہنچ رہی ہے۔ یہ سرمایہ کاری ہمیں ان تینوں شعبوں میں مزید پیش رفت کا موقع فراہم کرے گی۔
ایپک اینجلز کی بانی اور منیجنگ پارٹنر مائیکے ڈوئر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کو قرض تک رسائی کا مسئلہ دراصل ٹیکنالوجی کا نہیں بلکہ اعتماد کا ہے، اور اوران نے لاکھوں خواتین کے پہلے سے موجود اور قابلِ اعتماد نظام کو ڈیجیٹل بنا کر اس مسئلے کا مؤثر حل پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایپک اینجلز نے پہلی بار 2021 میں اوران میں سرمایہ کاری کی تھی، اور اب وہ حلیمہ اقبال اور ان کی ٹیم کی مزید معاونت پر خوش ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین تک بچت، قرض اور سونے میں سرمایہ کاری کی سہولت پہنچائی جا سکے، جبکہ عالمی سرمایہ کار نیٹ ورک کے ذریعے کمپنی کی ترقی میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔


Comments