نیسلے نے جمعرات کو دوسری سہ ماہی میں متوقع اندازوں سے قدرے بہتر آرگینک فروخت میں اضافے کی اطلاع دی اور کہا کہ وہ اپنی واٹرز اور پریمیم بیوریجز کاروبار کے لیے سرمایہ کاری فرم پلاٹینم ایکویٹی کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے ذریعے تقریباً 3 ارب یورو (3.43 ارب ڈالر) حاصل کرنے کی توقع رکھتی ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی پیکجڈ فوڈ کمپنی نے یہ بھی کہا کہ اب اسے پورے سال کے دوران آرگینک فروخت میں 3 سے 4 فیصد اضافے کی توقع ہے جبکہ اس سے قبل اس کا ہدف تقریباً 3 فیصد تھا۔
کمپنی کے مطابق نیسلے اور پلاٹینم ایکویٹی مشترکہ منصوبے میں 50، 50 فیصد حصص کے مالک ہوں گے جبکہ اس جوائنٹ وینچر کا نام پیرانیل رکھا جائے گا۔
اس پورٹ فولیو میں 120 ممالک میں فروخت ہونے والے 30 سے زائد برانڈز شامل ہوں گے جن میں ایس پیلیگرینو ، سورس پیریئر، ایکوا پانا، عالمی برانڈ نیسلے پیور لائف اور دیگر نمایاں مقامی واٹر برانڈز شامل ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر فلپ ناوراتیل کی قیادت میں نیسلے اپنے برانڈ پورٹ فولیو کی ازسرِنو تشکیل کر رہی ہے جس کا مقصد کمپنی کے بنیادی برانڈز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ترقی اور منافع میں اضافہ کرنا ہے۔


Comments