کپاس کی پیداوار کا ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سیکرٹری زراعت پنجاب
- افتخار علی سہو کی زیر صدارت ملتان میں اجلاس، کپاس کے پیداواری ہدف کے لیے جاری اقدامات، فصلوں کی موجودہ صورتحال اور دیگر اہم زرعی امور کا جائزہ
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی صدارت میں ملتان میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لیے جاری اقدامات، فصلوں کی موجودہ صورتحال اور دیگر اہم زرعی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، اسپیشل سیکرٹری زراعت (جنوبی پنجاب) سرفراز حسین مگسی، محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرلز عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، ڈاکٹر ساجد الرحمن، محکمہ زراعت کے کنسلٹنٹ محمد انجم علی اور محکمہ زراعت و آبپاشی کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کی پیداوار کا ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے دوران کاشتکاروں کو کپاس اور دیگر فصلوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے تکنیکی رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کپاس کی فصل کے لیے وقت پر اور ضرورت کے مطابق نہری پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ حکام کو یہ حکم بھی دیا کہ جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔


Comments