گوادر کے قریب پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز کی بڑی کارروائی، 215 ملین ڈالر کی منشیات برآمد
- رپورٹ کے مطابق منشیات کی یہ کھیپ بحیرہ عرب کے راستے بین الاقوامی ٹھکانوں پر اسمگل کی جا رہی تھی
پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے قریب انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ کارروائی کے دوران لگ بھگ 215 ملین ڈالر مالیت کی منشیات کی ایک بڑی کھیپ ضبط کرلی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) پاک بحریہ کے مطابق یہ کارروائی گوادر کے قریبی ساحلی علاقے پِشوکان میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) کے تعاون سے کی گئی۔ چھاپے کے دوران حکام نے 1500 کلوگرام چرس اور 500 کلوگرام کرسٹل میتھ ایمفیٹامائن برآمد کی، جسے عام زبان میں آئس کہا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق منشیات کی یہ کھیپ بحیرہ عرب کے راستے بین الاقوامی ٹھکانوں پر اسمگل کی جا رہی تھی۔ ضبطگی کے بعد برآمد شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آپریشن سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بحری قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کی عکاسی ہوتی ہے اور یہ کارروائی پاکستان کی بحری حدود کو غیر قانونی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


Comments