ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ
- ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی ایک پیسے کے اضافے سے 278 روپے 31 پیسے پربند
انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی ایک پیسے کے اضافے کے بعد 278 روپے 31 پیسے پر بند ہوئی
یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو روپیہ 278 روپے 32 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پیر کو اپنے اجلاس میں شرحِ سود کو 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔عالمی منڈی کی بات کی جائے تو امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی خبروں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں زبردست کریش دیکھا گیا ہے، جس سے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے متبادل اور پرخطر اثاثوں کی طلب بڑھ گئی اور امریکی ڈالر عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کھوتے ہوئے 10 دن کی کم ترین سطح پر آ گیا۔
ایشیائی مارکیٹ میں یورو 0.35 فیصد اضافے کے ساتھ 1.1607 ڈالر پر رہا، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 0.3 فیصد مضبوط ہو کر 1.3448 ڈالر پر پہنچ گیا۔ عالمی معاشی صورتحال سے جلد متاثر ہونے والا آسٹریلین ڈالر 0.50 فیصد اضافے کے ساتھ 0.7075 ڈالر اور نیوزی لینڈ کا کیوی ڈالر 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 0.5854 ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا۔ چھ بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر ناپنے والا انڈیکس 0.31 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 99.492 پر آ گیا، جو 5 جون کے بعد اس کی سب سے کم ترین سطح ہے۔
مزید برآں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں پیر کو تین ماہ کی کم ترین سطح پر گر گئیں۔ گرینچ ٹائم کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے برینٹ کروڈ کے فیوچرز 3.65 ڈالر یا 4.2 فیصد کی کمی کے ساتھ 83.68 ڈالر فی بیرل پر آ گئے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی ) 4.13 ڈالر یا 4.9 فیصد کی نمایاں کمی کے ساتھ 80.75 ڈالر پر بند ہوا۔ جمعہ کے روز 3 فیصد سے زائد کی مندی کے بعد پیر کو یہ دونوں کاروباری معاہدے 10 مارچ کے بعد اپنی کم ترین سطح پر ریکارڈ کیے گئے۔


Comments