امریکی کوچ موریسیو پوچیٹینو اور دیگر ورلڈ کپ میں لیپ ٹاپ استعمال کر سکیں گے
- تمام میچوں کے دوران ہائیڈریشن بریک 2026ء کے ورلڈ کپ میں ایک نیا اضافہ ہے، کوچز لیپ ٹاپ پر حکمت عملی سمجھائیں گے
امریکی فٹ بال ٹیم کے کوچ موریسیو پوچیٹینو نے سینیگال کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں پانی کے وقفے (ہائیڈریشن بریک) کے دوران کھلاڑیوں کو لیپ ٹاپ پر لائیو ویڈیو کے ذریعے نئی حکمتِ عملی سمجھائی۔
میچ کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ غیر یقینی کا شکار تھے کہ آیا ورلڈ کپ میں ایسا کرنے کی اجازت ہوگی یا نہیں۔ تاہم دی ایتھلیٹک کی رپورٹ کے مطابق پوچیٹینو اور دیگر کوچز ورلڈ کپ میچوں کے دوران ہر وقت لیپ ٹاپ استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے۔
فٹ بال قوانین کے نگراں ادارے (آئی ایف اے بی) کے تحت کوچز کو پہلے ہی اسمارٹ فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ جیسے آلات استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ نئے قواعد کے مطابق کوچز پانی کے وقفے کے دوران پچ پر موجود کھلاڑیوں کو لیپ ٹاپ دکھا سکتے ہیں، بشرطیکہ کھلاڑی حدِ نگاہ (سفید لائن) پار نہ کریں۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026ء میں ہر میچ کے دونوں ہاف کے وسط میں تین تین منٹ کا ’ہائیڈریشن بریک‘ لازمی قرار دیا گیا ہے، جسے کوچز گیم پلان تبدیل کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔ اس دوستانہ میچ میں امریکہ نے سینیگال کو 2-3 سے شکست دی تھی۔


Comments