منشیات نیٹ ورک کی مبینہ سرغنہ انمول عرف پنکی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
- مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، متعدد سنگین الزامات کی تحقیقات کے دوران مبینہ منشیات فروش جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دی گئی
آج نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ منشیات فروشی کی مشتبہ ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف مختلف مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیق کی درخواست مسترد کر دی ہے اور ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انمول کے خلاف قتل اور منشیات سے متعلق مقدمات کی سماعت کراچی جوڈیشل کمپلیکس میں قائم جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسران اور سرکاری وکلا (پبلک پراسیکیوٹرز) نے مؤقف اختیار کیا کہ منشیات کے نیٹ ورک کے حوالے سے ملزمہ سے مزید تفتیش درکار ہے، اس لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ بوٹ بیسن اور ڈیفنس تھانوں میں درج مقدمات میں انمول کے رائیڈرز (سپلائرز) پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ ملزمہ خود ان مقدمات میں مفرور تھی چنانچہ مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ ناگزیر ہے۔ تاہم عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمہ کو تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر مقدمات کا چالان (چارج شیٹ) عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ مقدمات کی تفتیش مکمل کرکے مقررہ وقت میں چالان جمع کرایا جائے، تاکہ قانونی کارروائی آگے بڑھ سکے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مشتبہ منشیات فروش پنکی کو سخت سیکیورٹی میں جوڈیشل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا، جہاں اسے مختلف مقدمات میں عدالت کے سامنے پیش کیا جانا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کو پولیس کی بھاری نفری اور سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا۔
ملزمہ کی پیشی کے موقع پر سینٹرل جیل اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے تھے، جبکہ صحافیوں کو بھی جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی پیشی کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے عدالت کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ کراچی کے مختلف تھانوں میں انمول کے خلاف 16 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ملزمہ کو قتل، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دیگر سنگین جرائم کے الزامات کا سامنا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ کے خلاف درخشاں، گزری، بغدادی، گارڈن، بوٹ بیسن اور ڈیفنس تھانوں میں مقدمات درج ہیں، جبکہ مبینہ منشیات کے نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Comments