وزیراعظم اور قطری ہم منصب کا علاقائی صورتحال اور قیام امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال
- علاقائی امن کے لیے تمام فریقین کے تعمیری روابط ناگزیر، شہباز شریف اور شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کا اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق گفتگو کےدوران خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور جاری امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری سفارتی اقدامات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے قطر کے مسلسل تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں جانب سے خطے میں جاری امن کوششوں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کے درمیان تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ امیرِ قطر کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ اعلامیے کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تعاون اور دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔


Comments