وزیراعظم کی بنوں پولیس چیک پوسٹ حملے کی شدید مذمت
- وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے حملے کے بعد سہیل آفریدی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی
وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز بنوں میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے حملے کے بعد سہیل آفریدی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں مصروف مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔


Comments