پنجاب کے فلور ملرز کا حکومتی ہدف پورا ہونے تک گندم ذخیرہ نہ کرنے کا اعلان
پنجاب کی فلور ملنگ انڈسٹری نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک صوبائی حکومت اپنا خریداری کا ہدف پورا نہیں کر لیتی وہ گندم کا ذخیرہ نہیں کریں گے۔ تاہم انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فلور ملرز کو آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل کے لیے وافر مقدار میں پرمٹ جاری کیے جائیں تاکہ ان کی سرمایہ کاری متاثر نہ ہو۔
یہ متفقہ فیصلہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب چیپٹر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ریاض اللہ خان نے کی۔
شرکاء نے گندم کی نئی فصل، مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی دستیابی اور حکومت و فلور ملز کی جانب سے گندم کے اسٹریٹجک ذخائر کی خریداری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ فلور ملنگ انڈسٹری حکومتی پالیسیوں سے اتفاق کرتی ہے اور ان کے نفاذ کے لیے حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ چونکہ حکومت نے گندم کی خریداری شروع کردی ہے، اس لیے فلور ملز اس وقت تک گندم ذخیرہ کرنے سے گریز کریں گی جب تک حکومت اپنا خریداری کا ہدف حاصل نہیں کر لیتی۔ اجلاس میں یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ فلور ملوں کی جانب سے اب تک کی گئی گندم کی تمام خریداریوں کا ویب پورٹل پر اندراج کر دیا گیا ہے۔


Comments