سیٹسی پاس کو میونخ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں عبرتناک شکست، عالمی درجہ بندی میں مزید تنزلی
- آٹھ سال قبل شاندار آغاز کرنے والے سیٹسی پاس 2021 کے فرنچ اوپن فائنل کے بعد سے زوال کا شکار
سابق ورلڈ نمبر تھری سٹیفنوس سیٹسی پاس کو میونخ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ایک اور عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس نے ان کی مسلسل گرتی ہوئی فارم اور فٹنس کے مسائل کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ہنگری کے فیبیان ماروزان کے خلاف فیصلہ کن سیٹ میں 2-2 کی برابری سے کھیل کا آغاز کرنے والے 27 سالہ یونانی اسٹار کو 3-6، 7-6 اور 6-4 سے شکست ہوئی۔ اس ناکامی کے بعد ان کی عالمی رینکنگ گر کر 70 سے بھی نیچے چلی جائے گی، جو گزشتہ آٹھ سالوں میں ان کی کم ترین سطح ہے۔
سیٹسی پاس نے اس سال بارسلونا کے بجائے میونخ میں کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، تاکہ اپنی رینکنگ بہتر کر سکیں، مگر یہ فیصلہ ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ 2021 کے فرنچ اوپن اور 2023 کے آسٹریلین اوپن کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے کھلاڑی اب اپنی شناخت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ گزشتہ برس کمر کی تکلیف نے ان کے کیریئر کو شدید متاثر کیا جبکہ ان کے سابق کوچ گوران ایوانسویچ نے بھی ان کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر سوالات اٹھائے تھے۔


Comments