مصر کا بجلی کے نرخوں میں اضافہ، کمرشل اور ہائی کنزمپشن صارفین متاثر
- کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اس اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے
مصر نے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اور کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جو اپریل سے نافذ العمل ہوگا۔ یہ فیصلہ توانائی کی عالمی بحران اور خلیجی خطے میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
مصری وزارتِ بجلی کے مطابق کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اس اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے اور ان کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اضافے کا اطلاق صرف زیادہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اور تجارتی شعبے پر ہوگا تاکہ بجلی کی فراہمی کو برقرار رکھا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے وہ تمام کیٹیگریز جو ماہانہ 2000 کلو واٹ گھنٹے تک بجلی استعمال کرتی ہیں، ان کے نرخ برقرار رہیں گے، تاہم اس سے زیادہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے بلوں میں اوسطاً 16 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے تمام سلیبز میں اوسطاً 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام توانائی کے بڑھتے ہوئے درآمدی اخراجات اور مالی دباؤ کو کم کرنے کے لیے ضروری تھا۔
وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی کے مطابق مصر کا توانائی درآمدی بل جنگ کے آغاز کے بعد نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے، جس کے باعث حکومت کو ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور بعض ترقیاتی منصوبوں کی رفتار سست کرنا پڑی ہے۔
حکام نے مارچ سے توانائی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے اقدامات بھی شروع کیے ہیں، جن میں تجارتی اداروں کے اوقات کار میں کمی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق مصر پہلے ہی شدید مالی دباؤ اور بلند مہنگائی کا شکار ہے، جس نے حکومت کے لیے توانائی سبسڈیز اور مالی نظم و نسق کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔


Comments