کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں کل بارش کا امکان
- شدید آندھی اور جھکڑ چلنے کے سبب کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے
محکمہ موسمیات نے جمعہ کو پیش گوئی کی ہے کہ ہفتہ 28 مارچ کو کراچی اور سندھ کے دیگر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں بارشوں کا یہ سلسلہ ان مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر ہوگا جو اس وقت ملک کے بیشتر حصوں کو مسلسل متاثر کررہی ہیں۔
ان لہر کے باعث جامشورو، دادو، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، گھوٹکی، عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید آندھی اور جھکڑ چلنے کے سبب کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ بارشوں کے دوران آسمانی بجلی بھی گر سکتی ہے۔
آندھی اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، اسی بنا پر کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کے انتظام کو ترتیب دیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی کراچی کے مختلف علاقوں بشمول نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور اورنگی میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔


Comments