ایئر چیف کی صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات، اعلیٰ ترین انڈونیشین فضائی اعزاز سے نوازا گیا
- سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ اقدار اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے انڈونیشیا کے سرکاری دورے کے دوران صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کی، جس میں دونوں جانب سے دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے پاکستان، انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ اقدار اور دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور ایرو اسپیس و دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر پرابوو نے انڈونیشیا کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پاک فضائیہ کے جدید ترین تربیتی نظام اور ایرو اسپیس ڈویلپمنٹ انفرااسٹرکچر سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اپنے دورے کے دوران ایئر چیف نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) شافری شمس الدین، انڈونیشین نیشنل آرمڈ فورسز کے کمانڈر اور انڈونیشین ایئر چیف سے بھی الگ الگ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں۔ تمام سرکاری مقامات پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
انڈونیشین ایئر چیف کے ساتھ بات چیت میں دونوں اطراف نے فضائیہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا، جس میں بنیادی سے لے کر جدید سطح تک کے مشترکہ تربیتی پروگرام، پیشہ ورانہ تبادلے اور ایرو اسپیس کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ انڈونیشین ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے وسیع جنگی تجربے اور آپریشنل مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ کو آگے بڑھانے میں تعاون طلب کیا۔
دو طرفہ فضائی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں ایئر چیف کو انڈونیشین ایئر فورس کے سب سے بڑے اعزاز ’میڈل آف آنر‘ سے نوازا گیا۔
انڈونیشی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جاری جدید کاری کی مہم کو سراہا، جبکہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے جدید تکنیکی ڈھانچے کی بھی تعریف کی۔ اس دورے کو بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کے حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


Comments