پاکستان کا ایک بار پھر ون چائنہ پالیسی کے لیے مضبوط عزم کا اعادہ
- پاکستان کو تائیوان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے، ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے ایک بار پھر ون چائنہ پالیسی کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی کے ساتھ کھڑا ہے، بین ریاستی تعلقات باہمی احترام، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسائل کے پرامن حل پر مبنی ہونے چاہئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تائیوان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے، تائیوان کی صورتحال کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پہلے ہی یوکرائن کے تنازع کی وجہ سے سلامتی کی ایک نازک صورتحال سے دوچار ہے، ایسے میں دنیا ایک اور بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی جس کے عالمی امن، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments