قائداعظم محمدعلی جناح کا یومِ پیدائش: مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب
- شہریوں کی بڑی تعداد علی الصبح سے ہی مزار پر پہنچنا شروع
بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تقریب میں نظم و ضبط اور وقار نمایاں رہا جب کہ بابائے قوم کی جدوجہد اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قائِد اعظم کے یومِ پیدائش پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور بڑی تعداد میں افراد دن بھر مزار قائد پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کریں گے۔
شہریوں کی بڑی تعداد علی الصبح سے ہی مزار پر پہنچنا شروع ہو گئی تاکہ وہ قائداعظم کے افکار اور جدوجہد کو یاد کر سکیں جن کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ قومی تشخص اور آزاد وطن ملا۔
تقریبات کے دوران مسلح افواج کی قیادت کی جانب سے بھی بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
قائد کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ اجتماعات بھی منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، جدوجہد اور قومی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے، اور اس عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کو ان کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، منصفانہ اور خوشحال ریاست بنایا جائے گا۔
تجزیہ کاروں نے قائداعظم کے مسلمانوں کے سیاسی، مذہبی، اقتصادی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تقسیم کے دوران بڑے چیلنجز، جیسے مہاجرین کی نقل مکانی، وسائل کی کمی اور انتظامی رکاوٹوں کے باوجود، باپِ قوم نے مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی اور عوام میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور اعتماد پیدا کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قائد کے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر عمل کریں۔


Comments
Comments are closed.