ارشد ندیم سمیت 8 پاکستانی ایتھلیٹس کو لاس اینجلس 2028 اولمپکس کیلئے اسکالرشپ مل گئی
- منتخب کھلاڑی پاکستان کی بھرپور نمائندگی جذبے، مستقل مزاجی اور بہترین کارکردگی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں
8 پاکستانی کھلاڑیوں جن میں پاکستان کے اسٹار ارشد ندیم بھی شامل ہیں کو لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز کے لیے آئی او سی اولمپک سالیڈیریٹی اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 8 پاکستانی ایتھلیٹس کی لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز تک رسائی کے سفر کو اولمپک سالیڈیریٹی اسکالرشپ کے مالی تعاون سے مزید مضبوطی ملے گی۔
ہر ایتھلیٹ کو تیاری کے لیے ستمبر 2025 سے اگست 2028 تک سالانہ 13 ہزار 500 ڈالر اولمپک سالیڈیریٹی پروگرام کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ منتخب ہونے والے چار مرد اور چار خواتین کھلاڑی لاس اینجلس 2028 اولمپکس کی تیاری کے سفر میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی جذبے، مستقل مزاجی اور بہترین کارکردگی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
منتخب شدہ اسکالرشپ کھلاڑیوں میں پیرس 2024 کی اولمپین کشمالہ طلعت، رابعہ کبیر، محمد فاروق ندیم، سلیمان خان اور امام ہارون شامل ہیں۔
ٹیبل ٹینس کی کھلاڑی حائقہ حسن اور تائیکوانڈو کی فاطمہ تزہرا خاور بھی اسکالرشپ کیلئے منتخب ہوئیں۔


Comments
Comments are closed.