فیصل راٹھور نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے طور پر حلف اٹھا لیا
- مظفرآباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے فیصل راٹھور سے حلف لیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ فیصل راٹھور نے منگل کے روز آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ یہ حلف برداری ایک روز بعد سامنے آئی، جب قانون ساز اسمبلی نے عدم اعتماد کی تحریک منظور کرکےچوہدری انوار الحق کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
مظفرآباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے فیصل راٹھور سے حلف لیا۔ تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت کے ساتھ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے گورنرز بھی شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینئر رہنما فریال تالپور بھی تقریب میں موجود تھے۔
یاد رہے کہ پیر کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم انوارالحق کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائی تھی۔ اجلاس کے دوران ارکان نے ہاتھ کھڑے کرکے ووٹنگ میں حصہ لیا، جس کے مطابق 36 ارکان نے تحریک کے حق میں جبکہ محض 2 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ یوں حکومت کی تبدیلی کا راستہ مکمل طور پر ہموار ہوگیا اور فیصل راٹھور کو ایوان کا نیا قائد ایوان منتخب کرلیا گیا۔
منگل کی صبح وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی نئے منتخب وزیر اعظم فیصل راٹھور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت ذمہ داری اور شفافیت کے ساتھ سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وفاق اور آزاد کشمیر کی حکومت مل کر خطے کے عوام کی فلاح و بہبود، معاشی بہتری، امن اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ بھی آزاد کشمیر کی انتظامیہ کی معاونت جاری رکھے گی۔
فیصل راٹھور کون ہیں؟
فیصل ممتاز راٹھور کا تعلق آزاد کشمیر کے قدیم سیاسی خانوادوں میں سے ایک سے ہے۔ وہ 11 اپریل 1978 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سردار ممتاز حسین راٹھور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تھے۔ ان کی والدہ بیگم فرحت راٹھور بھی قانون ساز اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں اور پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی صدر رہی ہیں۔ راٹھور خاندان کو آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے بانی ستونوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
فیصل راٹھور نے کم عمری ہی سے عملی سیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔ وہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل بھی رہے۔ انہوں نے 2006 میں انتخابی سیاست کا آغاز کیا، 2011 میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بعد ازاں وزیر تعلیم اور وزیر بجلی کے طور پر خدمات انجام دیں۔ عدم اعتماد کی تحریک سے قبل انہوں نے شفافیت کے تقاضوں کے تحت وزارت سے استعفیٰ دے دیا، تاکہ وہ وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں بغیر کسی منصبی اثر کے حصہ لے سکیں۔
فیصل راٹھور کی وزارت عظمیٰ کا آغاز آزاد کشمیر کے سیاسی منظرنامے میں ایک اہم تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے خطے کی آئندہ سیاسی سمت اور وفاق کے ساتھ تعلقات پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔

Comments
Comments are closed.