نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیلئے اجلاس میں شرکت کی غرض سے استنبول پہنچ گئے ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق غزہ مسئلے پر غور کیلئے عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا رابطہ اجلاس ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فدان کی میزبانی میں منعقد کیا جارہا ہے۔
ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈپٹی وزیرِاعظم کا استقبال ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے پروٹوکول سفیر احمد جمیل میروغلو اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان 7 دیگر عرب و اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر اُس امن اقدام میں شریک رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ امن معاہدے پر دستخط ہوئے۔
استنبول اجلاس کے دوران پاکستان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد، مقبوضہ فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، فلسطینیوں کو بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرِ نو کی ضرورت پر زور دے گا۔


Comments
Comments are closed.