پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کیلئے 2.50 کروڑ ڈالر قرض معاہدے پر دستخط
پاکستان اور کویت نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 75 لاکھ کویتی دینار (تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) کے دوسرے قرض معاہدے کو حتمی شکل دے دی جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوا ہے۔
اسلام آباد میں وزارت اقتصادی امور میں حکومت پاکستان اور کویت فنڈ فار عرب اکنامک ڈیولپمنٹ کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان کی جانب سے معاہدے پر سیکریٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے دستخط کیے۔ تقریب میں کویتی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فہد حشام سمیت وزارت اقتصادی امور اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری وزارت اقتصادی امور نے کویتی حکومت اور کے ایف ای اے ڈی کا پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں مسلسل تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
حمیر کریم نے مزید کہا کہ یہ رعایتی مالی امداد پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات اور پائیدار شراکت کی عکاسی کرتی ہے، انہوں نے توانائی، پانی اور سماجی شعبے کے منصوبوں میں کویت فنڈ کی مالی معاونت کو سراہا جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ مئی 2024 میں ہونے والے پاکستان-کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کے پانچویں اجلاس کے دوران پاکستان نے کویت فنڈ سے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے کل 30 ملین کویتی دینار کے فنانسنگ معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی درخواست کی تھی، جو چار مساوی قسطوں میں جاری کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق جون 2024 میں قرض کے پہلے معاہدے پر دستخط کے بعد اب دوسرے مرحلے کےلیے دستخط کیے گئے۔
حمیر کریم نے حکام کو بتایا کہ یہ منصوبہ آسانی سے آگے بڑھ رہا ہے اور دوسرے قرض کے تحت اس اہم منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی، جس کا مقصد پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا، صاف توانائی پیدا کرنا، پشاور شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی اور پاکستان میں سیلاب پر قابو پانا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025


Comments
Comments are closed.