پاکستانی صنعتی گروپ جے ڈبلیو گلوبل ہولڈنگ اور کثیرالملکی مشروبات ساز کمپنی العربیہ نے پاکستان میں مشروبات تیار کرنے والا کارخانہ قائم کرنے کے لیے مشترکہ منصوبے کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ نئی سہولت ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے نمایاں اضافے کی نمائندگی کرتی ہے اور پاکستان کی معاشی صلاحیت پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
کارخانہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگا ، تاکہ غیر الکحل مشروبات کی ایک وسیع رینج تیار کی جا سکے، جس کا مقصد پاکستانی صارفین کے بدلتے ذوق کو پورا کرنا اور نئی منڈیوں کو فروغ دینا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ نیا مشروبات تیار کرنے والا پلانٹ آئندہ 18 ماہ کے اندر کام شروع کردے گا۔
جے ڈبلیو گلوبل ہولڈنگ متنوع پاکستانی صنعتی ادارہ ہے جس کی سرمایہ کاری گاڑیوں، ٹیکنالوجی اور صارفین کی مصنوعات کے شعبوں میں ہے۔
جبکہ العربیہ کمپنی مشروبات کے شعبے میں متحرک بین الاقوامی ادارہ ہے، جو مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا کے مختلف ممالک میں مضبوط نیٹ ورک رکھتا ہے۔
جے ڈبلیو گلوبل ہولڈنگ کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ العربیہ کمپنی کے ساتھ یہ شراکت پاکستان کی ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے جیسے ہم نے ایم جی موٹرز کے ذریعے نقل و حرکت کے ایک نئے دور کا آغاز کیا، ویسے ہی اب ہم مشروبات کی صنعت میں انقلابی تبدیلی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صرف کاروبار تک محدود نہیں بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کرنے، معیاری مصنوعات کے ذریعے مقامی سپلائی چین کو متحرک اور پاکستان کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔


Comments
Comments are closed.