آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن ( اے ایف پی ) نے اولمپین ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر فیڈریشن کے آئین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔
فیڈریشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ پابندی پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے نام نہاد “غیر قانونی انتخابات” منعقد کرنے پر عائد کی گئی۔ فیڈریشن نے ان انتخابات کے نتائج کو بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔
مزید برآں اے ایف پی نے اسی معاملے میں ملوث ہونے پر حبیب شاہ پر 10 سالہ پابندی بھی عائد کر دی ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات اے ایف پی کے آئین کے مطابق منعقد نہیں کیے گئے، جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی۔ تاہم متعدد بار طلبی کے باوجود سلمان اقبال بٹ اور حبیب شاہ کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
تحقیقات مکمل ہونے پر کمیٹی نے آئینی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی سرگرمیوں پر انضباطی کارروائی ( ڈسپلنری ایکشن ) کی سفارش کی۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد اے ایف پی نے فیصلہ کیا کہ سلمان اقبال بٹ کو کسی بھی سطح پر ایتھلیٹکس سے متعلق سرگرمیوں میں شرکت سے ہمیشہ کے لیے روک دیا جائے۔
فیڈریشن نے اپنے تمام منسلک یونٹس اور اداروں کو بھی اس فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔


Comments
Comments are closed.