کےالیکٹرک نے شہر کے دو پرانے گیس پاور اسٹیشنز مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔
کمپنی نے اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط ارسال کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورنگی ٹاؤن گیس ٹربائن پاور اسٹیشن اور سائٹ گیس ٹربائن پاور اسٹیشن کی بندش کا فیصلہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کر لیا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ مقامی گیس کی مسلسل عدم دستیابی اور درآمدی ایل این جی پر انحصار کا تجربہ ناکام ثابت ہوا جس کے باعث یہ پاور پلانٹس چلانا ممکن نہ رہا۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ دونوں پاور اسٹیشنز کی مستقل بندش پر باضابطہ طور پر نیپرا سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
کے۔الیکٹرک کی جانب سے ارسال کردہ خط کے مطابق پاور پلانٹس کی بندش کےباوجود شہر میں بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔
کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ بجلی کی طلب پوری کرنے کے لئے900 میگا واٹ صلاحیت کے حامل بن قاسم پاور پلانٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے 2 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی لینے کے معاہدے پر بھی عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک نے کہا کہ جدید اور زیادہ کارآمد ذرائع سے بجلی پیدا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025


Comments
Comments are closed.