پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ یہ بات جمعے کے روز پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہی گئی ہے۔
یہ پابندی اُن تمام طیاروں پر لاگو ہوتی ہے جو بھارتی ملکیت میں ہیں یا بھارتی اداروں کے زیرِ انتظام چلائے جا رہے ہیں، جن میں وہ طیارے بھی شامل ہیں جو بھارت نے دوسرے ممالک سے لیز پر حاصل کیے ہیں، نیز فوجی پروازیں بھی اس پابندی کے دائرے میں آتی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی 19 ستمبر دوپہر 1 بجے سے نافذ العمل ہوئی ہے اور 24 اکتوبر کی صبح 4 بج کر 59 منٹ (مقامی وقت کے مطابق) تک مؤثر رہے گی۔
اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ یہ پابندی سول اور فوجی دونوں اقسام کے ان طیاروں پر نافذ ہے جو بھارتی اداروں کی ملکیت ہیں یا بھارتی استعمال کے لیے حاصل کیے گئے ہیں۔
پاکستان نے یہ پابندی پہلی بار اپریل میں بھارت کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کے بعد عائد کی تھی اور تب سے اب تک اس میں مسلسل توسیع کی جاتی رہی ہے۔ یہ پانچواں مسلسل مہینہ ہے کہ بھارتی پروازوں کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے سے روکا گیا ہے۔
تازہ نوٹیفکیشن میں پابندی کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔ تاہم یہ پابندی بھارتی ایئرلائنز کی ان بین الاقوامی پروازوں کو متاثر کرے گی جنہیں اب پاکستان کی فضائی حدود سے بچتے ہوئے متبادل راستے اختیار کرنے ہوں گے۔


Comments
Comments are closed.