پاکستان نے ڈنمارک کی ڈینیڈا سسٹین ایبل انفراسٹرکچر فنانس (ڈی ایس آئی ایف) سے فیصل آباد میں ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (33 ایم جی ڈی) کی تعمیر کے لیے ایک رعایتی قرض حاصل کر لیا ہے۔ یہ قرض 2022 میں دستخط کیے گئے پاکستان-ڈنمارک فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت پہلا معاہدہ ہے۔
جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان حکومت اور ڈنمارک کے ڈی ایس آئی ایف کے درمیان فیصل آباد سٹی فیز-ون کے تحت ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (33 ایم جی ڈی) کی تعمیر کے منصوبے کے لیے رعایتی قرض کا معاہدہ دستخط ہوا ہے۔
یہ معاہدہ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد حُمیر کریم، منیجنگ ڈائریکٹر ڈی ایس آئی ایف ٹینا کولرُوپ ہاؤسن اور ڈانسکے بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر جیسپر بی۔ پیٹرسن نے دستخط کیا۔
یہ منصوبہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ پاکستان کے ترقیاتی شعبے میں طویل وقفے کے بعد یہ ڈینیڈا کی پہلی شمولیت ہے۔ مزید یہ کہ یہ قرض 2022 میں طے پانے والے پاکستان-ڈنمارک فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت پہلا معاہدہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ فیصل آباد میں گندے پانی کی صفائی کی سہولیات کو بہتر بنا کر پائیدار شہری ترقی میں مددگار ثابت ہوگا، جس سے ماحولیاتی تحفظ، عوامی صحت اور مضبوط شہری انفراسٹرکچر کو فروغ ملے گا۔


Comments
Comments are closed.