ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم 85.28 میٹر تھرو کے ساتھ جیولن فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئے
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے منگل کے روز ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں 85.28 میٹر کی فیصلہ کن تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ابتدائی دو کوششوں میں بالترتیب 76.99 میٹر اور 74.17 میٹر کا فاصلہ طے کیا، تاہم تیسری اور آخری تھرو میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔
27 سالہ ارشد ندیم عالمی اسٹیج پر ایک بار پھر خطے کے دو بڑے حریفوں کے ٹاکرے کو تازہ کرتے ہوئے بھارت کے نیرج چوپڑا کے خلاف ہائی پروفائل مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
ارشد ندیم نے گزشتہ سال پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کے ساتھ نئی تاریخ رقم کی، جو نہ صرف ایک ریکارڈ تھی بلکہ پاکستان کے لیے چار دہائیوں بعد پہلا اولمپک گولڈ میڈل بھی ثابت ہوا۔
ایشین ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن نے انہیں 2024 کا ایشیا کا بہترین ایتھلیٹ بھی قرار دیا، جس کا ایوارڈ گزشتہ سال جنوبی کوریا میں دیا گیا۔


Comments
Comments are closed.