سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک بڑا ریلیف پیکیج بھیجا ہے جو کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) کے ذریعے پہنچایا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو 10 ہزار فوڈ پیکجز اور 10 ہزار شیلٹر کٹس سونپیں۔
کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے فراہم کردہ یہ سامان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حوالے کیا۔
مریم نواز شریف کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ امدادی سامان میں خیمے، سولر پینل، ایل ای ڈی لائٹس، کمبل، کچن سیٹس، واٹر کولرز، صابن اور ضروری خوراکی اشیاء شامل ہیں، جو سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں قصور، جھنگ، خانیوال، حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تقسیم کیے جائیں گے۔
ہر 95 کلوگرام وزنی پیکج میں آٹا، چینی، چنا (دال چنا) اور کھانا پکانے کا تیل شامل ہے۔
امدادی سامان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب، KSRelief اور حیات فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تقسیم کیا جائے گا۔
یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں جاری قدرتی آفت نے بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ 26 جون سے اب تک کم از کم 910 افراد ہلاک اور تقریباً 1,044 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 7,850 مکانات کو نقصان پہنچا اور 6,180 جانور مارے گئے۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی رپورٹ کے مطابق، مہلک سیلاب پاکستان کی نازک معیشت پر بھاری بوجھ ڈالیں گے، جس کے نقصان کا ابتدائی تخمینہ 409 ارب روپے یا 1.4 ارب ڈالر ہے، جو جی ڈی پی کا 0.33 فیصد بنتا ہے۔
زرعی شعبے کو سب سے زیادہ نقصان ہونے کی توقع ہے جس کا تخمینہ 302 ارب روپے (1 ارب ڈالر) لگایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مجموعی نقصان کا تقریباً تین چوتھائی حصہ اور جی ڈی پی کا 0.24 فیصد بنتا ہے جو زرعی شعبے کی موسمیاتی جھٹکوں کے لیے حساسیت اور غذائی تحفظ و دیہی روزگار پر لاحق خطرات کی عکاسی کرتا ہے۔
سیلاب نے پنجاب میں 13 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی ڈبو دی، جس سے چاول، گنا، کپاس اور مکئی جیسی اہم فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بروقت مدد بھائی چارے کی حقیقی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امداد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ بھائی چارے کے رشتے کی عکاس ہے اور متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت مسلم اُمہ کے لیے رہنمائی کی روشنی ہے۔ ان کا وژن، ہمدردی اور حکمت مسلم دنیا کو متحد اور ترقی کی راہ پر گامزن کررہی ہے۔
تقریب میں کے ایس ریلیف کے کنٹری ڈائریکٹر عبداللہ الباقمی اور پی ڈی ایم اے پنجاب کے اہلکار بھی موجود تھے۔

Comments
Comments are closed.