سندھ حکومت کا کراچی ایجوکیشن سٹی میں اسپیشل ٹیک زون کے لیے 100 ملین یورو کے معاہدوں پر دستخط
سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو کراچی ایجوکیشن سٹی میں 435 ایکڑ پر مشتمل اسپیشل ٹیکنالوجی زون (ایس ٹی زیڈ) کی ترقی کے لیے 100 ملین یورو مالیت کے دو سرمایہ کاری معاہدوں اور ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او ایو) پر دستخطوں کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی تقریب دستخط سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیکنالوجی زون پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ منصوبے کو جلد فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے سندھ انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور کراچی ایجوکیشن سٹی منصوبے کی ٹیم کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر نے بتایا کہ ان معاہدوں کے تحت پاکستان اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) منصوبے میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میسرز میكو اے جی زون کو گرین بجلی فراہم کرے گی، جبکہ میسرز میكو ہولڈنگ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت جدید انرجی اسٹوریج مینوفیکچرنگ فیکٹری قائم کرے گی۔
سندھ حکومت توقع رکھتی ہے کہ یہ منصوبے صوبے میں 100 ملین یورو کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کریں گے۔
تقریب میں سینئر صوبائی حکام بھی موجود تھے،ان میں سندھ سیکرٹری انویسٹمنٹ راجہ خرّم شہزاد، کراچی ایجوکیشن سٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ابرار شیخ اور دیگر افسران شامل تھے۔


Comments
Comments are closed.