آئندہ ہفتے شدید بارشوں کی پیش گوئی، کراچی، لاہور اور اسلام آباد بھی متاثر ہونگے، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے منگل کے روز پیش گوئی کی ہے کہ مون سون سرگرمیوں میں آئندہ ہفتے شدت آنے کے باعث ملک بھر میں مزید بارشوں، ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں 17 اگست سے شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت مغربی ہواؤں کی ایک لہر بھی ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے جو 17 اگست سے مزید مضبوط ہونے کا امکان رکھتی ہے۔
ان موسمی حالات کے زیرِ اثر 14 سے 17 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آندھی، گرج چمک اور کہیں کہیں تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 21 اگست کے دوران کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں، میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش (چند مقامات پر موسلا دھار بارش) کا امکان ہے۔
اسی مدت کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں، جن میں دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر شامل ہیں، میں بھی بارش اور گرج چمک (چند مقامات پر موسلا دھار بارش) کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم درمیانی وقفے آ سکتے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 18 سے 21 اگست کے دوران وسیع پیمانے پر بارش، ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، بعض مقامات پر انتہائی موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ متاثرہ اضلاع میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو اور کرک شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی 18 سے 21 اگست کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر تیز بارش) کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں بھی 18 سے 21 اگست کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور ساہیوال شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی 18 سے 21 اگست کے دوران بارش، ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر تیز بارش) کا امکان ہے۔
بلوچستان کے جن علاقوں میں 18 سے 21 اگست کے دوران گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش (چند مقامات پر موسلا دھار بارش) متوقع ہے، ان میں بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر اور پنجگور شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 18 سے 21 اگست کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع، جن میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور جیکب آباد شامل ہیں، میں وقفے وقفے سے بارش، ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر تیز بارش) کی توقع ہے۔
15 سے 21 اگست کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں اچانک طغیانی (فلیش فلڈ) کا خدشہ ہے۔
اسی طرح 18 سے 21 اگست کے دوران ڈیرہ غازی خان اور مشرقی بلوچستان میں بھی اچانک سیلاب کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔
15 سے 21 اگست کے درمیان اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ/مڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پیش گوئی کے دوران تیز بارش، طوفانی ہوائیں اور گرج چمک کمزور ڈھانچوں جیسے کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
محکمہ نے عوام، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس علاقوں میں غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور تازہ ترین موسمی حالات سے باخبر رہیں۔
ساتھ ہی متعلقہ تمام حکام کو ’ تیار’ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔


Comments
Comments are closed.