آج نیوز نے رپورٹ کیا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2025 کے پہلے سات مہینوں میں کراچی میں بھاری گاڑیوں کے حادثات میں کم از کم 222 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ مجموعی طور پر ٹریفک حادثات میں 538 افراد جاں بحق ہوئے، جو ایک بگڑتے ہوئے ٹریفک سیفٹی بحران کو ظاہر کرتا ہے۔ اتوار کی صبح ایک اور مہلک حادثے میں مزید دو جانیں ضائع ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، لاپروا ٹرک ڈرائیورز 60 اموات کے ذمہ دار تھے، ٹریلرز سے 48، واٹر ٹینکرز سے 44، بسوں سے 25، ڈمپرز سے 22، منی بسوں سے 11، جبکہ آئل ٹینکرز اور کوچز سے چھ، چھ اموات ہوئیں۔ پک اپ ٹرکس نے 15، کاروں نے 58 اور جیپوں نے پانچ جانیں لیں۔ نامعلوم گاڑیاں 103 افراد کی موت کا باعث بنیں۔
متاثرین میں 274 موٹرسائیکل سوار، 179 پیدل چلنے والے، 52 خواتین اور 68 بچے شامل تھے۔ ضلع ملیر میں سب سے زیادہ 174 اموات ہوئیں، اس کے بعد ویسٹ اور کیماڑی میں 136، سینٹرل میں 77، ایسٹ اور کورنگی میں 52، اور ساؤتھ میں 44 اموات ریکارڈ ہوئیں۔
اتوار کو کراچی میں ایک تیز رفتار ڈمپر راشد منہاس روڈ پر ایک موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا، جس میں 22 سالہ ماہ نور اور اس کا 14 سالہ بھائی علی رضا جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہیں۔
حادثے کے بعد پرتشدد احتجاج شروع ہو گیا، مشتعل ہجوم نے سات ڈمپر گاڑیوں کو آگ لگا دی اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا، جسے بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ڈرائیور اور ہنگامہ آرائی میں ملوث 10 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ریسکیو 1122 نے آگ بجھانے اور کولنگ آپریشن مکمل ہونے کی اطلاع دی، جبکہ کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق الاصف تا حیدرآباد روٹ کئی گھنٹے بند رہا۔ ڈمپر ڈرائیورز ایسوسی ایشن نے سپر ہائی وے بلاک کر کے نیشنل ہائی وے پر بھی احتجاج کی دھمکی دی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی اور شہریوں سے قانون ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی۔
ٹریفک ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر قوانین پر سختی سے عمل نہ ہوا تو 2025 کے باقی مہینے مزید جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔


Comments
Comments are closed.