سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں کلیئرنس آپریشن، مزید 14 دہشتگرد ہلاک, دو روز میں تعداد 47 ہوگئی
- آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں آپریشن کے دوران بھارت کی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج کو ٹریس کر کے کامیابی سے ہلاک کر دیا۔قبل ازیں 7 اور 8 اگست 2025 کو سیکورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کی ہلاکت کیا تھا۔
ضلع میں گزشتہ دو روز کے دوران ہلاک کیے گئے خوراج کی تعداد 47 تک جا پہنچی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اگست 2025 کو ضلع ژوب کی تحصیل سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 33 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا؛ اس کے بعد 8 اور 9 اگست کی شب پاک افغان سرحد کے قریب سمبازہ میں دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد کلیئرنس آپریشن کیا گیا
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید 14 خوارج ٹریس کر کے ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ دو روزہ آپریشن میں مارے گئے خوارج کی تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے پاک سرزمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے محفوظ رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ نئی دہلی پر بارہا سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے میں پاک -افغان سرحد سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے خلاف کامیاب کاروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کارروائی میں 33 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنائی اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کی ان دہشت گردوں کے خلاف کامیابیوں کو بڑی تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔


Comments
Comments are closed.