اسلام آباد میں ریٹائرڈ کرنل کی لاش نالے سے برآمد، بیٹی کی تلاش جاری
- سواں پل کے نیچے لاپتہ گاڑی کا دروازہ اور بونٹ برآمد
آج نیوز نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ اسلام آباد میں حالیہ طوفانی بارشوں کے دوران پیش آنے والے المناک واقعے میں کرنل (ر) قاضی اسحاق جو سیلابی نالے میں بہہ گئے تھے، ان کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ افسر کی لاش دریائے سواں سے ملی، جبکہ ان کی بیٹی کی تلاش تیسرے دن بھی جاری ہے۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کی ٹیموں نے سواں پل کے نیچے سے لاپتہ گاڑی کا دروازہ اور بونٹ بھی تلاش کر لیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دوسری لاپتہ خاتون کی لاش ملنے تک سرچ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
یہ المناک واقعہ اسلام آباد میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جب کرنل (ر) قاضی اسحاق اپنی 25 سالہ بیٹی کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔ کلاؤڈ برسٹ کے باعث نالے کا پانی سڑک پر آگیا اور ان کی گاڑی پانی میں پھنس گئی۔ جب گاڑی رک گئی تو قاضی اسحاق نے دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی، لیکن پانی کے تیز بہاؤ نے پوری گاڑی کو بہا دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق قاضی اسحاق نے مدد کے لیے آوازیں بھی لگائیں، مگر پانی کا زور اتنا زیادہ تھا کہ کوئی مدد نہ کر سکا۔ گاڑی ایک زیر زمین چینل میں جا گری، جہاں پانی کا دباؤ جان لیوا تھا۔
ریسکیو 1122، نیوی ڈائیورز اور دیگر امدادی ادارے جدید آلات، ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے سرچ آپریشن تیز کر چکے ہیں۔ سواں پل اور نالے کے اطراف کھدائی اور جانچ پڑتال جاری ہے، جبکہ ٹیمیں نالے کے اندر زیر زمین راستوں، پانی کے بہاؤ کی سمت اور ممکنہ پھنسے ہوئے مقامات کی بھی جانچ کر رہی ہیں۔
علاقے میں سوگ کا سماں ہے اور اہل خانہ کسی معجزے کے منتظر ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں متاثرین کی بازیابی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔


Comments
Comments are closed.