بلوچستان میں خاتون اور مرد کو قتل کرنے کے واقعے میں اب تک 11 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں جبکہ مزید گرفتاریوں کے لئے آپریشن جاری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے!
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو سرعام گولیاں مار کر قتل کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
ویڈیو میں مسلح افراد نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
اس دلخراش ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پولیس کو واقعے کی فوری تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔
مزید برآں ترجمان بلوچستان حکومت کے شاہد رند نے کہا کہ مقدمہ ریاست کی جانب سے درج کیا گیا ہے کیونکہ متاثرہ افراد کے کسی بھی خاندان کے فرد نے یہ واقعہ پولیس کو رپورٹ نہیں کیا تھا۔
شاہد رند نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ واشک ضلع کے مارگٹ علاقے میں پیش آیا اور پولیس و کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیموں نے علاقے میں اس سنگین جرم کی تفتیش شروع کردی ہے۔


Comments
Comments are closed.