پاکستان اور یورپی یونین (ای یو) کے درمیان جمعرات کے روز برسلز میں سیاسی مکالمے کے دسویں دور کا انعقاد ہوا، جس میں دونوں فریقین نے باہمی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور سفارت کاری، سلامتی، تجارت اور کثیرالجہتی تعاون سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دفترِ خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت خارجہ سیکریٹری سفیر آمنہ بلوچ نے کی جبکہ یورپی یونین کی جانب سے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس (ای ای اے ایس) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل، سفیر اولاف سکوگ نے وفد کی سربراہی کی۔
ملاقات میں 2019 میں طے پانے والے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں اس منصوبے کے تمام اہم شعبے،سیاسی، معاشی، سلامتی اور سماجی تعاون، شامل تھے۔
دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی اور سیاسی مکالمے کے موجودہ فریم ورک میں سیکیورٹی سے متعلق پہلوؤں کو مزید موثر انداز میں شامل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ سمیت علاقائی و عالمی حالات پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جنہیں فریقین نے باہمی دلچسپی کا حامل قرار دیا۔
دونوں فریقین نے باہمی اسٹریٹجک ہم آہنگی کے شعبوں کو سراہا اور سفارت کاری، کثیرالجہتی تعاون، اور تنازعات کے پُرامن حل سے وابستگی کا اظہار کیا۔
فریقین نے اقوامِ متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا اور حالیہ اعلیٰ سطح کے روابط کی بنیاد پر باقاعدہ مکالماتی نظام کے تحت روابط کو مزید موثر اور منظم انداز میں وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Comments
Comments are closed.